Home / Archives / بلوچستان ضمنی انتخابات ، کاغذات نامزدگی واپس لینے کا وقت ختم، 11امید وار میدان میں رہ گئے

بلوچستان ضمنی انتخابات ، کاغذات نامزدگی واپس لینے کا وقت ختم، 11امید وار میدان میں رہ گئے

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے2حلقوں پر ضمنی انتخابات کے سلسلے میں کاغذات نامزدگی فارم واپس لینے کا وقت ختم دونوں حلقوں پر مجموعی طور پر11امیدواروں نے کاغذات نامزدگی فارم واپس لے لیئے، آج امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے2حلقوں پر ضمنی انتخابات14اکتوبر کو ہونگے اس سلسلے میں جمع ہونے والے کاغذات نامزدگی فارم کی واپسی کے آخری دن دونوں حلقوں پر مجموعی طور پر11امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی فارم واپس لے لیے،صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی35مستونگ کی کل آبادی2لاکھ66ہزار461اوررجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد87ہزار933ہے۔

جن میں مرد ووٹرز کی تعداد51ہزار824جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد36ہزار108ہے، انتخابات ملتوی ہونے سے قبل مذکورہ حلقے پر انتخاب کیلئے24امیدواروں نے کاغذات نامزدگی فارم جمع کرائے تھے، نوابزادہ میر سراج خان رئیسانی کی شہادت کے بعد حلقہ پی بی35مستونگ پر23امیدوارمیدان میں رہ گئے تھے۔

تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے دوبارہ شیڈول جاری ہونے کے بعد مزید8امیدواروں نے کاغذات نامزدگی فارم جمع کرائے جس کے بعد امیدواروں کی تعداد31ہوگئی ، کاغذات نامزدگی فارم واپس لینے کی آخری تاریخ کے موقع پر3امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی فارم واپس لیئے۔

جن میں جمعیت علماء اسلام)نظریاتی(کے قاضی غلام رسول بلوچستان نیشنل پارٹی)مینگل(کے نور محمد اور آزاد امیدوار محمد مومن کرد کے نام شامل ہیں کاغذات نامزدگی فارم واپس لیئے جانے کے بعد کل28امیدوار میدان میں رہ گئے جنھیں انتخابی نشان آج الاٹ کیئے جانے کا امکان ہے،۔

14اکتوبر کو ہونے والے انتخابات میں آزاد امیدوار سابق وزیر اعلٰی بلوچستان نواب محمد اسلم رئیسانی ، نیشنل پارٹی کے سردار کمال خان بنگلزئی، تحریک انصاف کے ملک فیصل دہوار ، پیپلز پارٹی کے میر محمد اکبر بنگلزئی اور آزاد حیثیت سے لڑنے والے بی اے پی کے عاصم کرد گیلو، سردار نور احمد بنگلزئی سمیت دیگر آزاد امیدواروں میں حاجی انور شاہوانی اورمیر جلیل محمد شہی شامل ہیں ۔

جن کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء نوابزادہ میر سراج خان رئیسانی پر خودکش حملے اور انکی شہادت کے بعد صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی35مستونگ پر انتخابات ملتوی کئے گئے تھے بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل کی جانب سے صوبائی نشست چھوڑے جانے کے بعد صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی40پر بھی ضمنی انتخابات14اکتوبر کومنعقد کئے جارہے ہیں۔

حلقہ پی بی40وڈھ کی کل آبادی2لاکھ56ہزار742اور رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد75ہزار551ہے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد44ہزار163اورخواتین ووٹرز کی تعداد31ہزار388ہے، حلقہ پی بی40وڈھ پر انتخاب کیلئے کل16امیدواروں کا غذات نامزدگی فارم جمع کرائے اور کاغذات نامزدگی فارم واپس لینے کی مقررہ تاریخ پر آٹھ امیدواروں نے کاغذات نامزدگی فارم واپس لئے۔

جن میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء میر خالد بزنجو، نیشنل پارٹی کے رہنما ئشاہ میر بزنجو اور آزاد امیدواروں میں لعل محمد،محمد اسلم،امیر بخش مینگل،نعمت اللہ بزنجو،نورالحق مینگل اورصباء رئیسانی کا نام شامل ہے جبکہ میدان میں رہ جانے والے دیگر آٹھ امیدواروں میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماء میر اکبر مینگل اور آزاد امیدوار میر شفیق الرحمان مینگل کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

Source: dailyazadiquetta.com

Share on :
Share

About Administrator

Check Also

پی ایس ڈی پی بارے آگاہ کیا جائے، بی ایس پروگرام پر صوبے بھر میں یکساں عمل درآمد کیا جائے، بلوچستان اسمبلی

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کا اجلاس چالیس منٹ کی تاخیر سے ڈپٹی سپیکر سردار بابر موسٰی …

Leave a Reply

'
Share
Share
Social Media Auto Publish Powered By : XYZScripts.com